Fasting only on the 10th of Muharram

صرف دسویں محرم کو روزہ رکھنا

سوال

کیا فرماتے ہیں علمائے کرام مندرجہ ذیل مسئلہ کے بارے میں کہ کوئی شخص صرف دسویں محرم کو روزہ رکھتا ہے، نویں یا گیارہویں کو اس کے ساتھ روزہ نہیں رکھتا تو اس طرح روزہ رکھنا درست ہے یا نہیں؟

جواب

واضح رہے کہ دسویں محرم کے ساتھ نویں محرم کا بھی روزہ رکھنا چاہیے، اگر نویں کا روزہ نہ رکھ سکے تو گیارہویں کا روزہ رکھے، اس لیے کہ یہود شکرانہ کے طور پر عاشورہ کا روزہ رکھتے ہیں، تو رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے آئندہ سال عاشورہ کے روزہ کے ساتھ نویں محرم کا بھی روزہ رکھنے کی خواہش کا اظہار فرمایا تھا، جس کی بنا پر فقہاء کرام نے عاشورہ کے ساتھ نویں محرم کے روزہ کو مستحب قرار دیا ہے اور یہود کے ساتھ مشابہت کی بنا پر صرف عاشورہ کا روزہ رکھنے کو مکروہِ تنزیہی قرار دیا ہے، لیکن اگر کسی بنا پر تین یا دو روزے رکھنا دشوار ہو تو صرف عاشورہ کا روزہ رکھ لینا چاہیے؛ تاکہ اس کی فضیلت سے محرومی نہ ہو۔ نیز حضرت علامہ انور شاہ کشمیری رحمہ اللہ فرماتے ہیں:

عاشوراء کے روزہ کی تین شکلیں ہیں:

  • ۱۔ نویں، دسویں اور گیارہویں تینوں کا روزہ رکھا جائے۔
  • ۲۔ نویں اور دسویں یا دسویں اور گیارہویں کا روزہ رکھا جائے۔
  • ۳۔ صرف دسویں تاریخ کا روزہ رکھا جائے۔

ان میں پہلی شکل سب سے افضل ہے، اور دوسری شکل کا درجہ اس سے کم ہے، اور تیسری شکل کا درجہ سب سے کم ہے، اور تیسری شکل کو فقہاء نے کراہتِ تنزیہی سے تعبیر کیا ہے، ورنہ جس روزہ کو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے نہ رکھا ہو اور آئندہ نویں کا روزہ رکھنے کی صرف تمنا کی ہو اس کو کیسے مکروہ کہا جاسکتا ہے۔

’’ویستحب أن یصوم یوم عاشوراء بصوم یوم قبلہ أو یوم بعدہ لیکون مخالفا لأہل الکتاب‘‘

(رد المحتار، کتاب الصوم:2/375،سعید)

’’والمکروہ......وتنزیھا کعاشوراء وحدہ‘‘. وفي الرد:قولہ:(وعاشوراء وحدہ)أي:مفردا عن التاسع أو عن الحادي عشر إمداد؛ لأنہ تشبہ بالیہود.

(رد المحتار، کتاب الصوم:2/375،سعید)